اسلام آباد: پاک ترک ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ پروگرام میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
دفاعی ذرائع کے مطابق پاک ترک ٹی ایف ایکس فائٹر جیٹ کی آئندہ ماہ پہلی پرواز کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، ترک ایرو اسپیس انڈسٹری میں شیڈول کے مطابق ٹی ایف ایکس فائٹر جیٹ کی آئندہ ماہ پہلی پرواز طے ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پاکستان ترک ایرو اسپیس انڈسٹری کے “ٹی ایف ایکس” طیارے کے پروگرام کا باضابطہ حصہ بن چکا ہے، پاکستان ترکی کے ساتھ مل کر جدید ٹوئن انجن ففتھ جنریشن طیارے تیار کرے گا۔
دفاعی ذرائع کا کہنا تھا کہ ترک ایرو اسپیس انڈسٹری نے 2010 میں ففتھ جنریشن طیارے کی تیاری کے پروگرام کا آغاز کیا تھا، “ٹی ایف ایکس” طیارے نے رواں برس اپنی پہلی ٹیکسی کی تھی۔
شیڈول کے مطابق پاک فضائیہ میں پہلا ففتھ جنریشن طیارہ 2030 میں شامل کیا جائے گا، ترک ایرو اسپیس انڈسٹری کے “ٹی ایف ایکس اسٹیلتھ طیارے” میں امریکی ساختہ جنرل الیکٹرک ایف ون ٹین انجن استعمال کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق امریکہ کے اعتراض کی صورت میں پاکستان کے پاس برطانوی ساختہ رولز رائس انجن کا آپشن بھی موجود ہے، ترک کمپنی برطانیہ کی رولز رائس کمپنی کے ساتھ مل کر نئے انجن کی تیاری پر بھی کام کر رہی ہے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ پاک ترک ففتھ جنریشن طیارہ 21 میٹر طویل اور اس کے پروں کا پھیلاؤ 14 میٹر تک ہو گا، طیارے کا ٹیک آف وزن 27 ہزار 215 کلو گرام ہو گا جبکہ طیارے کی زیادہ سے زیادہ رفتار ماک 1.8 جبکہ کومبیٹ رینج 1100 کلومیٹر ہو گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹی ایف ایکس طیارے کی سروس سیلنگ 55 ہزار فٹ تک ہو گی، طیارے پر فضا سے فضا میں مار کرنے والے بی وی آر میزائلز کے ساتھ فضا سے زمین پر مار کرنے والے کروز میزائل بھی نصب کیے جائیں گے، جدید اے ای ایس اے ریڈار کے ساتھ ایڈوانسڈ کاک پٹ جدید حربی تقاضوں کے مطابق دشمن کو پچھاڑنے کی صلاحیت دے گا۔
علاوہ ازیں پاک فضائیہ ٹی ایف ایکس طیاروں کی شکل میں طویل عرصے بعد 2 انجن والے فائٹر جیٹس استعمال کرے گی، پاکستان ترکی کے ساتھ نہ صرف ففتھ جنریشن اسٹیلتھ فائٹر جیٹ بلکہ بغیر پائلٹ کے فضائی پلیٹ فارمز کی بھی مشترکہ پیداوار پر کام کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق 2 اگست 2023 کو کراچی میں ملجم کلاس کورویٹ کی لانچنگ پر ترک نائب وزیر دفاع جلال سمیع توفیقچی نے ٹی ایف ایکس پراجیکٹ پر باضابطہ بات چیت کا اعلان کیا تھا، ترک نائب وزیر دفاع کے مطابق 200 کے قریب پاکستانی ماہرین پہلے ہی ٹی ایف ایکس پراجیکٹ کا حصہ بن چکے ہیں، ترک ایرو اسپیس کے سی ای او نے فروری 2022 میں ہی ٹی ایف ایکس کو پاک ترک فائٹر پروگرام قرار دیا تھا۔
دفاعی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی دہائی کے آخر میں اپنے ایف سکسٹینز کو فیز آؤٹ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان اور ترکی اپنے ایف سکسٹینز کو ٹی ایف ایکس فائٹر جیٹس سے بدلنے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ ترک ایئرفورس کے سربراہ جنرل اتیلا گولان کے حالیہ دورہ پاکستان میں ففتھ جنریشن طیاروں اور بغیر پائلٹ فضائی پلیٹ فارمز کی مشترکہ پیداوار کے بارے میں ٹھوس پیشرفت سامنے آئی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں۔
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔
