Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

82 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس، فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 82ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فلسطینیوں اور کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنےکا اعادہ کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 82ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں مسلح افواج کے افسروں جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں فورم نے اعادہ کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں،ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

شرکاء نے کانفرنس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر و استبداد پر تشویش کا اظہار اور بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

فورم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا جبکہ مسئلہ کشمیر کا دائمی حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینے میں ہے۔

فورم نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کرتا ہے، پاکستان فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل، جس کی بنیاد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہے اور جس کا دارالحکومت القدس شریف ہے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

فورم نے اِس بات کا اعادہ کیا کہ درپیش چیلنجز کے باوجود گزشتہ کچھ مہینوں میں پاکستان میں اضطراب اور غیر یقینی صورتحال میں کمی ، جبکہ امید، اعتماد اور استحکام میں اضافہ نظر آیا ہے۔

 شرکاء کا کانفرنس میں کہنا تھا کہ ذاتی مقاصد کے حصول کی خاطر مایوسی پیدا کرنے والے مخصوص عناصر کی کوششوں کو ثابت قدمی اور جاری شدہ مثبت اقدامات کے  تسلسل کے ذریعے پاکستانی عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ شکست دی جائے گی،انشاءاللہ۔

شرکاء کا مزید کہنا تھا کہ غیور پاکستانی عوام پرعزم اور متحد رہیں ، پاک فوج پائیدار استحکام اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی۔

فورم نے معیشت کی پائیدار بحالی، اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، غیر قانونی غیر ملکیوں کی باوقار وطن واپسی اور قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مختلف شعبوں میں حکومتی اقدامات کی مکمل حمایت کی۔

کانفرنس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ابھرتے خطرات سے نمٹنے کے لیے فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار پر اطمینان کا اِظہار کیا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں