Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے روز ظلم میں اضافہ کر رہا ہے، سلطان چوہدری

 سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے روز ظلم و بربریت میں اضافہ کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) محترمہ غزالہ حبیب کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی ہے۔

وفد میں چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) محترمہ غزالہ حبیب کے علاوہ حریت رہنماء عبدالحمید لون،عبدالحفیظ خان اور طارق احمد بھی موجود تھے۔

ملاقات میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں امریکہ میں مقیم کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے لئے کی جانے والی کاوشوں پر مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کی طرف سے سلام پیش کرتا ہوں کہ امریکہ میں مقیم کشمیریوں نے امریکہ اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اُٹھایا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں مقیم کشمیری ہر سال ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیو یارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے کرتے ہیں اور اقوام عالم کی توجہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف دلاتے ہیں۔

سلطان محمود چوہدری نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے   5اگست2019ء کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں اور انسانی حقوق کی پامالیوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام ایک انتہائی مشکل صورتحال سے گزر رہے ہیں لیکن بھارت یہ جان لے کہ وہ اپنے توپ و تفنگ سے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو زیر نہیں کر سکتا انشاءاللہ مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی تسلط سے آزاد ہوگا۔

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آئے روز ظلم و بربریت میں اضافہ کر رہا ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی پامالی عروج پر ہے ایسے میں بیرون ملک میں آباد کشمیری بالخصوص امریکہ میں آباد کشمیریوں کے ساتھ مل کر ہمیں بھارت اور مودی سرکار کے ان گھناؤنے عزائم کو انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے بے نقاب کرنا ہوگا۔

اس موقع پر چیئرپرسن فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) محترمہ غزالہ حبیب نے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کی جانے والی سیاسی و سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کا یقین دلایا کہ فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل (امریکہ) اور امریکہ میں مقیم کشمیری ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور دنیا کے سامنے بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف ان مکروہ عزائم کا پردہ چاک کریں گے۔

متعلقہ خبریں