شہباز شریف نے کہا ہے کہ اجرک اور سندھی ٹوپی ہمارے سندھ کی خوبصورت علامات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک پیغام میں سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے یوم ثقافت سندھ (سندھ کلچر ڈے) پر مبارکباد پیش کی ہے۔
شہباز شریف نےکہا کہ آج کے دن پوری دنیا میں سندھ دھرتی کے رنگوں کو روایتی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ میزبانوں، مہربانوں، درویشوں اور فقیروں کی سرزمین ہے جبکہ اجرک اور سندھی ٹوپی ہمارے سندھ کی خوبصورت علامات ہیں۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج کا دن صدیوں قدیم روایات اور ثقافتی اقدار کو یاد کرنے کا دن ہے، اللہ کرے پورے پاکستان کے ساتھ ساتھ سندھ کے اوطاق سدا آباد رہیں۔
سندھی یوم ثقافت آج جوش وخروش سے منایا جا رہا ہے
سندھ کے عوام آج ’سندھی یوم ثقافت‘ کا دن منا رہے ہیں، آج کے دن سندھ کے مختلف مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں شرکاء سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے سندھی ٹوپی اور اجرک پہنے شرکت کر رہے ہیں۔
ہر سال دسمبر کے پہلے اتوار کو منایا جانے والا سندھ یوم ثقافت کو سندھ کے باسی عید کے تہوار کی طرح مناتے ہیں۔اس سلسلے میں آج بھی ہر کوئی سندھ کے روایتی رنگوں میں رنگا ہوا ہے اور سندھی ٹوپی اور اجرک زیب تن کیے سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ اس دن کو بھرپور انداز سے منایا جا رہا ہے۔
آج مختلف تقریبات میں سندھی ثقافتی ٹیبلو پیش کر کے یا علاقائی گیتوں پر والہانہ جھوم کر اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔



















