نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ افراد باہم معذوری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لئے ہم سب نے مل جل کر کام کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے محکمہ سماجی بہبود اور غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگراں صوبائی حکومت افراد باہم معذوری کی فلاح و بہبود کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گرین بس سروس میں افراد باہم معذوری کو کرائے سے مستثنٰی قرار دے دیا اور کہا کہ گرین بس سروس میں افراد باہم معذوری سے کرایہ نہیں لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ افراد باہم معذوری ہمارے لئے اہمیت رکھتے ہیں اور ہمارے دل کے قریب ہیں، افراد باہم معذوری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح کے لئے ہم سب نے مل جل کر کام کرنا ہے۔
میر علی مردان خان ڈومکی نے یہ بھی کہا کہ افراد باہم معذوری کو معاشرے کا مفید شہری بنانے کےلئے حکومتی سطح پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
نگراں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے مزید کہا کہ افراد باہم معذوری کے لئے سرکاری اور غیر سرکاری ملازمتوں میں مواقع فراہم کرنے کےلئے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون سازی کی گئی ہے۔



















