وزارت خزانہ نے آنے والے مہینوں میں مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کردی جس کے مطابق دسمبر میں مہنگائی کی شرح میں کمی کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دسمبر میں مہنگائی کی شرح 28.5 فیصد سے کم ہوکر26.5 فیصد متوقع ہے، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پہلے ہی مہنگائی پر آچکا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے مہنگائی کم ہونے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق مقامی صنعتوں کی پیداوار اور ملکی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، توانائی سیکٹر میں پیداواری لاگت کو کم کیا جا رہا ہے جبکہ ڈالر کا ایکسچینج ریٹ مارکیٹ ریٹ کے مطابق مقرر کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ سرکاری اداروں کے نقصانات کو بھی کم کیا جا رہا ہے، رواں مالی سال کے دوران بجٹ اہداف پر مکمل عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ جولائی تا اکتوبر تک ترسیلات زر میں 13.3 فیصد کمی ہوئی جبکہ جولائی تا اکتوبر برآمدات میں 1.1 فیصد اضافہ ہوا اور اسی دوران ملکی درآمدات میں 20.1 فیصد کمی ہوئی۔
وزارت خزانہ کی جاری کردہ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں 27.9 فیصد اضافہ ہوا ہے، نان ٹیکس آمدن میں114.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ رواں مالی سال جولائی تا ستمبر بجٹ خسارہ 17.6 فیصد بڑھا ہے۔



















