فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی ملک کو خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے تقریب رونمائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی طور پر عدم استحکام کے شکار وطن عزیز کو استحکام کی اشد ضرورت ہے، پاکستان کو پولرائزیشن کا شکار کر کے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دان کسی بھی پارٹی میں ہو محب وطن ہوتا ہے مگر اس کا طرز فکر عام آدمی سے مختلف ہوتا، سیاست صرف الیکشن والے دن ہی کرنی چاہیے باقی دنوں میں ملک کی خدمت کریں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ آج کی صحافت جماعتوں میں بٹ چکی جو اس شعبے کی روح کے منافی ہے، استحکام پاکستان پارٹی ملک کو خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو نظام کو بدلنے آیا تھا وہ اب بار بار اپنے بیانات بدل رہا ہے، لوگ اس کی حقیقت جان چکے ہیں، مختلف شہروں میں عوامی جلسے کرانا سیاسی گہمی گہمی ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئی پی پی نے ان شہروں میں جلسے کئے جہاں بڑی جماعتیں جلسہ کرنے سے ڈرتی ہیں، آئی پی پی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے جلد ہی سی اے سی کی مینٹگ بلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام پارٹی لیڈر پاکستان میں ہی موجود ہیں اس لئے ہمیں کوئی عجلت نہیں، انتہائی افسوس کا مقام ہے ایک جماعت کا سربراہ جو ملک کو بدلنے آیا تھا سوچ کو بدلنے آیا تھا۔
فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ جس جماعت نے نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا اس جماعت نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا اور اپنے بنائے ہوئے اصولوں کو توڑا۔
استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ایسے شخص کو پارٹی کا چئیرمین بنا دیا جسے کچھ نہیں پتہ، لوگوں کا جمہوری حق مارا گیا ہے جو اخلاقی بد دیانتی کی ہی ایک صورت ہے۔



















