انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی پلیئر رینکنگ جاری کردی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کا پہلا نمبر برقرار ہے جب کہ انگلینڈ کے جو روٹ کا دوسرا اور آسٹریلیا کے آسٹیو اسمتھ کا تیسرا نمبر ہے۔
پاکستان کے بابر اعظم چوتھے نمبر پر موجود ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل ایک درجے ترقی کے بعد 7 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
بنگلا دیش کے مشفیق الرحیم چار درجے ترقی کے بعد 20 ویں نمبر پر آگئے جب کہ ٹیسٹ بولروں میں بھارت کے روی چندرن ایشون کا پہلا نمبر برقرار ہے اور جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا کا دوسرا نمبر ہے۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز اور پاکستان کے شاہین آفریدی ایک ایک درجے ترقی کے بعد چوتھے اور پانچویں نمبر پر آگئے ہیں ، نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی تین درجے ترقی کے بعد 11 ویں نمبر پر آگئے جب کہ آسٹریلیا کے مچل اسٹارک تین درجے ترقی کے بعد 10 ویں نمبر پر آگئے۔
ٹیسٹ آل راؤنڈر میں بھارت کے رویندرا جدیجا کا پہلا نمبر ہے جب کہ آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی کی رینکنگ بھی جاری کی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کا پہلا نمبر، پاکستان کے محمد رضوان دوسرے اور بابر اعظم چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
بولرز میں بھارت کے روی بشنوئی پہلے نمبر موجود ہیں جب کہ افغانستان کے راشد خان کا رینکنگ میں دوسرا نمبر ہے ، ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن کا پہلا نمبر برقرار ہے۔




















