بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور پیداواری کمپنیوں کے افسران کی مفت بجلی کی سہولت ختم کردی گئی اور بدلے میں انہیں بڑی رقم ملے گی۔
حکومت کی جانب سے کیے گئے فیصلے کے نتیجے میں وزارت توانائی کی جانب سے آفس میمورینڈم جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ افسران کو اب مفت بجلی فراہم نہیں کی جائے گی اور مفت یونٹس کے بدلے انہیں رقم دی جائے گی۔
فیصلے کے نتیجے میں گریڈ 17 کے افسران کو 450 ماہانہ مفت یونٹس کے بجائے 15 ہزار 858 روپے ملیں گے۔ گریڈ 18 کے افسران کو ماہانہ 600 مفت یونٹس کے بجائے 21 ہزار 996 روپے ملیں گے۔
اس کے علاوہ گریڈ 19 کے افسران کو ماہانہ 880 مفت یونٹس کے بجائے 37 ہزار 594 روپے ملیں گے۔ گریڈ 20 کے افسران کو 1100 یونٹس کے بجائے 46 ہزار992 روپے ملیں گے جب کہ گریڈ 21 کے افسران کو 1300 مفت یونٹس کے بجائے ماہانہ 55 ہزار536 روپے ملیں گے۔
بجلی پیداکرنے والی جنریشن کمپنیوں کے گریڈ 17کے افسران کے بھی ماہانہ 650 یونٹس کی سہولت ختم کردی گئی۔ انہیں 24ہزار 570 روپے ملیں گے۔ گریڈ 18کے افسر کو ماہانہ 700 یونٹس کی بجائے 26 ہزار 460روپے ملیں گے۔
جینکوز کے گریڈ 19 کے افسر کو ماہانہ1ہزار مفت یونٹس کی بجائے 42 ہزار720 روپے ملیں گے۔ گریڈ 20کے افسر کو ماہانہ 1100یونٹس کی بجائے 46 ہزار 992 روپے ملیں گے جب کہ گریڈ 21کے افسر کو 1300یونٹس ماہانہ کی بجائے 55 ہزار 536 روپے ملیں گے۔
افسران کیلئے یونٹس کی بجائے رقم کی منظوری کابینہ کی توانائی کمیٹی نے پہلے دی تھی۔ فیصلے کی توثیق وفاقی کابینہ سے بھی لی گئی تھی اب باضابطہ عملدرآمد ہوگا۔



















