راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہم آئین ، پارلیمان اور جمہوریت کا فروغ چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مفاد کے لیے پی ڈی ایم جماعتیں اکٹھی ہوئیں وہ اچھا عمل تھا، الیکشن سے پہلےکیسے وزیراعظم بننےکا تاثر دیا جاسکتا ہے؟ بطور سیاسی کارکن سمجھتا ہوں، ن لیگ کے لیے یہ اچھا تاثر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ہونا نہ ہونا بعد کی بات ہے ،ہم آئین کی بات کرتے ہیں اور 90دن میں انتخابات ہونا آئین میں درج ہے، انتخابات ہونا کسی بھی جمہوریت کیلئے اہم ہے، نگراں حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے فیصلے نہیں لے سکتی۔
راجہ پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ سیاست کے میدان میں نوک جھوک اور اعتراضات چلتے رہے ہیں، ہمارا اتحاد ملک کے مفاد اور مسائل کے حل کیلئے تھا، ہم نے تب ملک کی خاطر فیصلہ لیا،آئندہ بھی ایسے فیصلے ہوتے رہیں گے۔
سابق وزیر اعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ میرا تمام لوگوں کے لئے پیغام ہے کہ 8فروری کے الیکشن کے لئے ماحول کو سازگار رکھیں، عام انتخابات کا انعقاد ملک کے لئے بہت ضروری ہے ، ملک کی تمام سیاسی پارٹیوں سے اپیل ہے کہ الیکشن کے لئے ماحول کو پرامن رکھیں تاکہ آئیں کے مطابق غیر جانبدارانہ انتخابات ہوسکیں۔



















