گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کا کسی کو احساس نہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آگ بروقت نہ روکنے کی وجہ سے پھیل گئی، آگ لگنے سے مالی نقصان کا ذمہ دار کون ہے؟
انہوں نے کہا کہ لوگوں نے عمارتوں میں ویئر ہاؤسز بنا رکھے ہیں، ایسے واقعات کے سدباب کے لیے عملی اقدام ہونے چاہئیں۔
کامران ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ عوام کے مسائل کا کسی کو احساس نہیں، آگ لگنےکی وجوہات کی رپورٹ ایک ہفتےمیں آجانی چاہئے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ ایک جگہ آگ لگتی نہیں ہے کہ دوسری آگ لگنےکا انتظار کرتے رہتے ہیں، عملی اقدامات نہیں کیے جاتے اور وہ وسائل مہیا نہیں کیے جاتے جس سے ایسے واقعات نہ ہوں، واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے۔
کراچی:عرشی مال میں لگی والی آگ بجھا دی گئی، 3 افراد جاں بحق
یاد رہے کہ اس سے قبل شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب عرشی شاپنگ مال میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے رہائشی فلیٹوں، دکانوں اور عمارت کی بالائی منازل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
شاپنگ مال میں آتشزدگی کے واقعے میں عمارت سے ایک اور لاش نکال لی گئی، آتشزدگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 3 ہوگئی۔ تینوں افراد کی لاشیں عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ آتشزدگی سے 2 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ دکانوں سے شروع ہونے والی آگ نے رہائشی عمارت کو لپیٹ میں لے لیا ہے، فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں طلب کرلی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فوم کی ایک دکان میں اچانک آگ لگی جو مزید پھیل گئی، تمام دکانوں میں فوم اور میٹرس موجود ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس، ریسکیو اداروں کی جانب سے رہائشی عمارت سے لوگوں کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
فائر بریگیڈ حکام کا دعویٰ ہے کہ 8 فائر ٹینڈرز، ایک اسنارککل اور ایک باؤزر موقع پر موجود ہیں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے عمارت سے لوگوں کے حفاظتی انخلا کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
گورنر سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
پاک بحریہ کے فائر ٹینڈر اور عملہ آگ بجھانے میں مصروف
پاک بحریہ کے فائر فائٹرز کی جانب سے عائشہ منزل پر فوم مارکیٹ میں لگی آگ پر قابو پانے میں بھرپور معاونت جاری ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے فائر ٹینڈر اور عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہیں، پاک بحریہ آگ پر قابو پانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی، آگ کی شدت کے پیش نظر پاک بحریہ کے مزید فائر ٹینڈرز کو روانہ کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے 7 فائر ٹینڈرز اور تجربہ کار عملہ آگ پر قابو پانے کیلئے کوشاں ہیں، پاک بحریہ کے جوان سول انتظامیہ کی درخواست پر آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔



















