شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) وفاق کی مضبوطی اور ترقی کی علامت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے بلوچستان، پنجاب اور صوبہ سندھ سے پارٹی رہنماؤں کی الگ الگ ملاقات ہوئی جس میں عام انتخابات کی تیاریوں اور پارٹی سرگرمیوں پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سب سے بڑی وفاقی جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وفاق کی مضبوطی اور ترقی کی علامت ہے، بلوچستان قومی ترقی اور حقوق کی فراہمی کے ایجنڈے میں مسلم لیگ(ن) کی ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے اور رہے گی۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان کی ترقی ایک لازمی تقاضا ہے جسے صرف مسلم لیگ(ن) ہی پورا کرسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ پورے پاکستان کے عوام سے وعدے پورے کئے اور بلا امتیاز سب اکائیوں کو ترقی دی، حقوق کا تحفظ اور ترقی یقینی بنا کر بلوچستان کو پاکستان کی خوشحال اکائی بنائیں گے، انشاءاللہ۔
شہباز شریف نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کے اندر یکساں تقسیم کو یقینی بنائیں گے جبکہ اٹھارویں ترمیم سے صوبوں کو وسائل اور اختیارات ملے، اب اس کا دائرہ صوبوں کے اندر تمام علاقوں تک لےکر جائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے مزید کہا کہ عوام کا مسئلہ مہنگائی ہے اس سے نجات صرف مسلم لیگ(ن) دلاسکتی ہے، تمام صوبوں کو ترقی کے عمل میں مساوی انداز میں ساتھ لے کر چلیں گے۔



















