Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ، صدر مملکت

صدر مملکت نے کہا ہے کہ بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ، ترقی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بلوچستان ریذیڈنشل کالج ، لورالائی کے تعلیمی دورے پر آئے طلباء کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔

وفد نے ملاقات میں صدر مملکت کو بلوچستان کے تعلیمی شعبے میں کالج کی خدمات کے بارے میں بتایا اور کہا کہ کالج کے فارغ التحصیل سینکڑوں طلباء طب، انجینئرنگ ، سول سروس ، دفاع ، قانون اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان میں تعلیم کےفروغ  میں کالج کے کردار کو سراہا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تیز اور پائیدار ملکی ترقی کیلئے فکری اور تعلیمی ترقی پر توجہ دینا  ناگزیر ہے، قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے انسانی وسائل  پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ سے ہی تیز رفتار ترقی ممکن ہے ، طلباء ہنر مندی ، آن لائن اور فاصلاتی تعلیم سے بھی بھرپور استفادہ کریں جبکہ طلباء انفارمیشن ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت کے شعبے پر خصوصی توجہ دیں۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا ہر شعبے میں اطلاق بڑھ رہا ہے ، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے پاکستان مختصر مدت میں معاشی ترقی کرسکتا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان کے طلباء تندہی اور لگن کے ساتھ علم حاصل کریں جبکہ طلباء نصاب کے علاوہ کتب بینی اور علم کے حصول پر بھی توجہ دیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں علم کا حصول مشکل تھا، جدید ٹیکنالوجی سے علم تک رسائی بڑھائی ہے ، بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے ، ترقی کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں