نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ تاجربرادری معیشت کی بہتری کیلئےکردار ادا کرے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسٹاک ایکسچینج کے تحت پاکستان کی بہترین کمپنیوں کو ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کامیابی کے موقع پر موجودگی میرے لیے باعث مسرت ہے، امید ہےآئندہ کامیاب کمپنیوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کررہی ہے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کا ہندسہ عبور کرنا تاریخی کامیابی ہے۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تاجربرادری کی کامیابی پر پوری قوم کو فخر ہے، تاجربرادری معیشت کی بہتری کیلئےکردار ادا کرے۔
نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے کامیابی کے سلسلےکو جاری رکھنا ہے، نگراں حکومت نے اسملنگ کیخلاف اقدامات اٹھائے جبکہ نگراں حکومت نےبجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں کیں۔
2023ء میں اسٹاک ایکسچینج کے کاروبار میں 30 فیصد اضافہ ہوا، شمشاد اختر
نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے پی ایس ایکس کے تحت پاکستان کی بہترین کمپنیوں کو ایوارڈز دینےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آمد پر وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو خوش آمدید کہتے ہیں، یہ کامیابی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے تمام ممبرز کی ہے، تمام کاروبار سے منسلک اداروں کے تعاون کے باعث کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں اسٹاک ایکسچینج کےکاروبار میں30فیصد اضافہ ہوا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا، ہم اس کامیابی کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔
شمشاد اختر کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کے مثبت نتائج آئے ہیں، ایف بی آر میں پیش کردہ اصلاحات پر عملدر آمد کیا گیا اور ملکی مفاد میں مشکل فیصلےکیےگئے۔
نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے کاروبار کی بہتری کے لیے درآمدات پر پابندی اٹھائی، اسٹاک ایکسچینج میں اسلامک فنانس کی شمولیت کے بہتر نتائج سامنے آئے۔



















