Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم بہتر حالت میں ملک منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے، مرتضیٰ سولنگی

مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ ہم بہتر حالت میں ملک منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات احمد شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کسی جماعت کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان رابطے کا کوئی فقدان نہ ہو، اس حوالے سے صوبائی وزراءاطلاعات کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دیں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے یہ بھی کہا کہ کسی کو اقتدار میں لانے کا فیصلہ کرنے کا اختیار عوام کا ہے، پاکستان کے آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے پالیسی فیصلے کرنا منتخب پارلیمان کا کام ہے، ہماری کوشش ہے کہ جب سے ہمیں حکومت ملی ہے اس کے بعد سے حالات خراب نہ ہوں، ہم بہتر حالت میں ملک منتخب حکومت کو دے کر جائیں گے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کرانے کی آئینی ذمہ داری الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے اور ہم الیکشن کمیشن کو مالی اور انتظامی مدد فراہم کر رہے ہیں۔

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے مزید کہا کہ سکیورٹی کے خدشات ہر الیکشن میں رہے ہیں لیکن ابھی تک ایسی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی جس کو ہمارے سکیورٹی ادارے کنٹرول نہ کر سکیں، انتخابات 8 فروری کو ہوں گے اور اس بارے میں کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہئے۔

متعلقہ خبریں