سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کے خاتمے کے لیے کوششیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ جدید دنیا کی تاریخ میں کسی جماعت نے اپنے منشور کی تکمیل کے لیے پیپلز پارٹی سے زیادہ قربانیاں نہیں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ برسوں میں ہمیشہ عام آدمی کے مسائل کے خاتمے کے لیے کوششیں کی ہیں، پیپلز پارٹی نے مسلسل آگے کی جانب سفر کیا اور اپنے تجربات سے سیکھا ہے، اس طرح ہم ایک نئے جوش اور فرض کے احساس کے ساتھ پاکستانی عوام کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔
آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے کے لیے خوراک، تعلیم اور صحت جیسے اہم محکموں کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن ناگزیر ہے کیونکہ یہ محکمے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے ضروری خدمات فراہم کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انسداد ہراسگی قوانین کو مزید مضبوط اور ان پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے تاکہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو بغیر کسی خوف اور تعصب کے کام کرنے کی اجازت اور موقع میسر ہو سکے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے خواتین کے حقوق کی علمبردار رہی ہے اور اسی جماعت نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صورت میں اسلامی دنیا کو پہلی خاتون وزیر اعظم سے بھی نوازا۔



















