نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کے عالمی دن پر نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ عالمی یوم انسانی حقوق پر، پاکستان انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ کو اپنانے کی 75 ویں سالگرہ کی یاد میں عالمی برادری کے ساتھ شامل ہے جبکہ اعلامیہ “انسانی حقوق، بنیادی آزادیوں کے عالمی احترام و پابندی کو فروغ دینے” کی مسلسل کوششوں کی ترغیب دیتا ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ و فروغ کے لیے ہمارا عزم آئینی فریضہ و رہنمائی ہے، پاکستان کی جمہوری روایات، سول سوسائٹی، میڈیا، اور قانونی ادارے تمام شہریوں کے حقوق و آزادیوں کی ہماری غیر متزلزل وابستگی کو تقویت دیتے ہیں۔
نگران وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اس سال انسانی حقوق کے عالمی دن کے تھیم “آزادی، مساوات اور انصاف” کا خیرمقدم کرتا ہے، ہم ان مشترکہ نظریات کے حصول کی پیش رفت کا جشن منانے میں بین الاقوامی برادری میں شامل ہیں اور یہ ان بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی سے پیدا ہونے والے خطرات پر غور کرنے کا بھی ایک اہم موقع ہے۔
نگران وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آزادی، انصاف، مساوات کے اعلیٰ نظریات کے ادراک کے لیے شدید اور غیر حل شدہ تنازعات اہم رکاوٹ ہیں جبکہ حالیہ موسمیاتی تبدیلی اور کورونا وباء نے ممالک کے اندر اور ان کے درمیان ساختی عدم مساوات کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔
جلیل عباس جیلانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ امتیازی سلوک، عدم برداشت، نسل پرستی کی نئی شکلوں، اسلامو فوبیا اور مسلم دشمنی میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ غلط معلومات کے پھیلاو کی نئی ٹیکنالوجیز کے غلط استعمال کی وجہ سے اس میں اضافہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کی ثقافت کو فروغ دینے میں مستقل اور مربوط عالمی ردعمل کا مطالبہ کرتا ہے، ہم مقبوضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا مزید کہنا تھا کی پاکستان قبضے کے خلاف کشمیری اور فلسطینی عوام کی دلیرانہ مزاحمت اور ان کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔



















