گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دستکار آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن میں تعمیر مارٹ سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ کرافٹ فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے فیسٹیول میں موجود مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے مقامی دستکاروں کی بنائی ہوئی اشیاءاپنی مثال آپ ہیں، صوبے کے دستکار اپنی تخلیقات کی فروخت کے لئے محکمہ ثقافت کے آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن میں تعمیر مارٹ سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جہاں دستکار بغیر کسی فیس کے اپنی اشیاءفروخت کے لئے رکھ سکیں گے جبکہ اس طرح کے مارٹ اور سیلز آؤٹ لیٹس صوبے کی آرٹس کونسلوں اور دیگر مقامات پر بھی بنائے جائیں گے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کا اسلام آباد کے لوک ورثہ میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے شاندار میلے کا انعقاد خوش آئند ہے، محکمہ ثقافت اور کھیل کی انڈومنٹ کمیٹیوں کو فعال کئے جانے کی ضرورت ہے جبکہ صوبے کے سیاحتی مقامات کی سائٹس کے بننے سے لوگ سندھ کی ٹورسٹ سائٹس کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے۔
اس موقع پر نگران صوبائی وزیر برائے ثقافت، نوادرات اور آرکائیو، کھیل ، یوتھ افیئرز سید جنید علی شاہ بھی موجود تھے۔



















