Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کھاد کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، نگران وزیرِ اعظم

نگران وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کالڑ کی زیرِ صدارت ملک میں یوریا کھاد کی طلب، قیمت اور فراہمی پر ہنگامی جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کو ملک میں یوریا کھاد کی حالیہ پیداوار، طلب اور کسانوں کو فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں یوریا کی پیداوار اور سٹاک گندم کی حالیہ فصل کیلئے کافی ہے جبکہ بفر اسٹاک کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن یوریا درآمد کی جا رہی ہے جس کی پہلی کھیپ آئندہ ہفتے تک پاکستان پہنچ جائے گی۔

اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھاد کی حکومتی رعایتی قیمتوں پر کسانوں کو فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبوں کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کیلئے تمام صوبوں کی کابینہ میں سمریاں جلد منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کسانوں کو یوریا کھاد کی حکومتی رعایتی نرخوں پر بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ ضلعی انتظامیہ کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی اور ذمہ داران کی نشاندہی کرکے قرار واقعی سزا یقینی بنائے۔

انوار الحق نے کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا، یوریا کھاد پر حکومتی سبسڈی کسانوں، جو اسکے صحیح مستحق ہیں ان تک پہنچائی جائے۔

نگران وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ ترجیحی بنیادوں پر یوریا کی بلا تعطل فراہمی کیلئے لائحہ عمل بنا کر فوری طور پر پیش کیا جائے جبکہ وزارت صنعت اور وزارت غذائی تحفظ صوبائی حکومتوں کو یوریا کھاد کی پیداوار اور رسد کے اعدادوشمار فراہم کرکے کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے کارروائیوں میں معاونت یقینی بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی سرحدوں پر کھاد کی نقل وحمل کی نگرانی کی جائے اور وہ کھاد جو صوبائی ضرورت کو پوری کرنے کیلئے ہو اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے، تمام متعلقہ ادارے کھاد کی کسانوں کو حکومتی رعایتی قیمت پر فراہمی یقینی بنا کر رپورٹ کل تک پیش کریں۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ یوریا کھاد پر سبسڈی کا بوجھ تمام صوبے اپنی اپنی کھپت کے تناسب سے اٹھائیں جبکہ فصل کی بوائی کے دوران یوریا کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبوں اور متعلقہ صنعت سے مشاورت سے ایک جامع فریم ورک مرتب کرکے پیش کیا جائے۔

اجلاس میں نگران وفاقی وزراء ڈاکٹر شمشاد اختر، کیپٹن (ر) شاہد اشرف تارڑ، ڈاکٹر کوثر عبدالملک،  محمد علی، متعلقہ اعلی حکام اور چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں