گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیرو اور ملک کا اثاثہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے آج گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان ویل چیئر کرکٹ ٹیم کی صدر رخسانہ راجپوت کی قیادت میں ملاقات ہوئی جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پاکستان ویل چیئر کرکٹ ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
ملاقات میں کیپٹن ویل چیئر کرکٹ ٹیم محمد ذیشان طارق نےکہا کہ پاکستان ویل چیئرکرکٹ ٹیم نے2019 اور 2023 میں ہونے والے ایشیا کپ میں اپنی حریف ٹیموں کو شکست دے کر ملک و قوم کا نام روشن کیا، ان میں سے ایک ایشیا کپ میں روایتی حریف انڈیا کو شکست دی تھی۔
گورنر پنجاب نے ویل چیئر کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے کھلاڑیوں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیرو اور ملک کا اثاثہ ہیں، ہمیں فخر ہے کہ آپ نے اپنی محنت ، لگن اور خداد صلاحیتوں کی بدولت کامیابیاں حاصل کیں ہیں۔
محمد بلیغ الرحمن نے یہ بھی کہا کہ لگاتار دو مرتبہ ایشیا کپ جیتنا بڑے اعزاز کی بات ہے، آپ نے جس ہمت سے کامیابی حاصل کی ہے قابل ستائش ہے، آپ جیسے باہمت افراد دوسروں کے لئے ایک مثال ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ایک صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ضروری ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو قومی ویل چیئر کرکٹ ٹیم کی سرپرستی کرنی چاہئے، امید ہے آپ مستقبل میں بھی اسی جذبے سے وطن عزیز کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر پاکستان ویل چیئر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ساجد علی عباسی، محمد عمران امین، محمد عمر، موزن نواز، خالد شاہ، محمد شاہد، محمد فیض، احمد یار اور منیب اشرف موجود تھے۔



















