امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوام سے خوف زدہ لوگ الیکشن التوا کے شوشے چھوڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے بروقت شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے، جمہوری ممالک میں عالمی جنگوں کے دوران بھی عوام کو حق رائے دہی سے محروم نہیں کیا گیا۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ خیبرپختوانخواہ میں برف باری کا مطلب یہ نہیں کہ کاروبار زندگی رک جائے، عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خراب سیکیورٹی حکمرانوں کی نالائقی کا ثبوت ہے، سیاسی جماعتوں پر خاندانی اجارہ داریوں کی وجہ سے جمہوری نظام مضبوط نہیں ہو سکا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ عوام نے8 فروری کو اپنے روشن مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے، لوگوں کے پاس جماعت اسلامی کی صورت میں بہترین متبادل موجود ہے۔



















