Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک فضائیہ کے پائلٹس ترک فضائی عملے کو ٹیکٹیکل تربیت فراہم کر رہے ہیں، ایئر چیف

سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس ترک فضائی عملے کو بنیادی ٹیکٹیکل  تربیت فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ترک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈر جنرل اسماعیل گنیکیا نے ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور سربراہ پاک فضائیہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں فضائی افواج کے سربراہوں نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور، بالخصوص دوطرفہ تربیت اور حالیہ مشترکہ منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کے ساتھ ہوا بازی کی صنعت میں تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں سربراہان نے دوطرفہ اور کثیر الملکی فضائی مشقوں، بالخصوص جدید دور کے تکنیکی منصوبوں کے ذریعے تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ترک کمانڈر کو پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لیئے جاری حکمت عملیوں اور فریم ورک سے آگاہ کیا جس میں نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی شمولیت، اہم انفراسٹرکچر کو تقویت دینے اور تربیتی شعبے کی ایک جامع تنظیم نو شامل ہے۔

فضائی مشق انڈس شیلڈ میں ترک فضائیہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے ایئرچیف نے دوطرفہ عسکری تعاون، اسٹریٹجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس ترک فضائی عملے کو بنیادی ٹیکٹیکل  تربیت فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

ملاقات میں ترک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈر جنرل اسماعیل گنیکیا نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے  موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ترک کمانڈر نے پاک فضائیہ کے ممتاز ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ترک لڑاکا پائلٹس کو ٹیکٹیکل مہارت سے لیس کرنے کے لیے سینٹر کے کمبیٹ کمانڈرز کورس میں انکی تربیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

ترک کمانڈر نے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور سائبر کمانڈ سمیت مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا بھی معائنہ کیا۔

علاوہ ازیں ترک کمانڈر نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا، ترک کمانڈر کا دورہء پاکستان دونوں ممالک کی فضائی افواج کے تعاون، مضبوط عسکری روابط کے فروغ اور دوطرفہ تزویراتی شراکت داری کو تقویت دینے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ خبریں