اسلام آباد: نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ میری ٹائم سیکٹر کی مدد سے پاکستان کی حالیہ اقتصادی صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی کے زیر اہتمام چھٹی میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کی لاہور میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تھے۔
پاک بحریہ کے ترجمان نے بتایا کہ نو روزہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ میں بحر ہند میں میری ٹائم سیکیورٹی اور جغرافیائی اور سیاسی معاملات کو اجاگر کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ورکشاپ شرکاء کی جانب سے ملکی میری ٹائم سیکٹر میں بہتری کے لیے اہم تجاویز پیش بھی کی گئیں۔
اس موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط میری ٹائم سیکٹر پائیدار معاشی مستقبل کی بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری ٹائم سیکٹر کی مدد سے پاکستان کی حالیہ اقتصادی صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔















