سعودی کمپنی آرامکو آئل نے پاکستان میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی کمپنی آرامکو آئل کی پاکستان میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری خوش آئند ہے، آرامکو نے گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کے 40 فیصد حصص حاصل کیے ہیں۔
آرامکو نے گو کے 40 فیصد حصص حاصل کرنے کے لیے حتمی معاہدوں پر دستخط کر لیے ہیں، گو ایک متنوع ڈاؤن اسٹریم فیول، لبریکنٹس اور فیسیلیٹی اسٹورز آپریٹر ہے، جوکہ پاکستان کی بڑی ریٹیل اور اسٹوریج کمپنیوں میں سے ہے۔
آرامکو کے مطابق یہ معاہدہ آرامکو کمپنی کی پاکستانی فیول ریٹیل مارکیٹ میں پہلی انٹری ہے، معاہدے کے تحت آرامکو گو کمپنی کے ریٹیل اسٹیشن کے ذریعے اپنی ریفائنڈ مصنوعات فروخت کرے گا۔
آرامکو کے بیان کے مطابق یہ معاہدہ آرامکو کو اپنی بہتر مصنوعات کے لیے اضافی آؤٹ لیٹس محفوظ بنانے اور ویلوولین برانڈڈ لبریکینٹس کے لیے نئے مارکیٹ مواقع فراہم کرنے کے قابل بنائے گا۔
اس حوالے سے سعودی آرامکو میں ریفائننگ، کیمیکلز اور مارکیٹنگ کے صدر محمد القحطانی کا کہنا تھا کہ گو کمپنی کے پاس ذخیرہ کرنے کی قابل قدر گنجائش، اعلیٰ معیار کے اثاثے اور ترقی کی صلاحیت ہے، جو پاکستان میں آرامکو برانڈ کو شروع کرنے میں مدد کرے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی معروف کمپنی آرمکو کی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری یقینی ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کی جانب سے درست سمت میں اٹھائے گئے قدم کا نتیجہ ہے، آرامکو کی سرمایہ کاری سے یقیناً ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔















