نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا ہے کہ کسانوں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کسانوں کے قومی دن کی مناسب سے وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ میں تمام کسانوں کو سلام پیش کرتا ہوں،گرمی کی تپش اور جما دینے والی سردی میں محنت کر کے کسان ہماری ضروریات پوری کرے ہیں۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ کسان قوم کے محسن ہیں جو ہماری خوراک کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں ،کسانوں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ کسانوں کی محنت سے فائدہ اٹھانے والے لوگ کی معاشی ترقی عروج پر پہنچ جاتی ہے جبکہ ہمارے کسان اور آباد گار اکثر وبیشتر معاشی ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسانوں اور آبادگاروں کی ترقی سے ہی ملک مستحکم اور خوشحال ہوگا، میں نے کسانوں اور آباد گاروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے عوامی شکایتی سیل کو بھی متحرک کیا ہے ۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا مزید کہنا تھا کہ میں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو بھی احکامات جاری کر دیئے ہیں کہ کسانوں اور کاشتکاروں کے مسائل کو فوری حل کیا جائے۔



















