نگران وفاقی وزیر تعلیم سید مدد علی سندھی نے کہا ہےکہ عربی زبان مسلمانوں کا عظیم اثاثہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت سید مدد علی سندھی نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے زیر اہتمام “عربی زبان کے فروغ میں اداروں اور افراد کا کردار”کے موضوع پر کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عربی فصاحت والی زبان ہے جو بہتا دریا ہے جس کی روانی ہر گزرتے دن سے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عربی زبان مسلمانوں کا عظیم اثاثہ ہے، عربی کے فروغ میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا کردار مثالی ہے جہاں مصر، سوڈان، سعودی عرب سمیت دیگر کئی ممالک کے اساتذہ بہترین کردار ادا کر رہے ہیں۔
مدد علی سندھی نے یہ بھی کہا کہ عربی زبان کی خدمت بھی عبادت ہے، ترقی کا واحد حل تعلیم کو ترجیح دینے میں پنہاں ہے۔
نگران وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت سید مدد علی سندھی نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی جیسے اداروں کو معاشرے میں بڑھانا ہوگا اور جامعہ کے طرز تعلیم کو باقی جامعات بھی اپنائیں۔



















