Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نگراں وزیرخارجہ کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی اور ایرانی وزیرخارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں جلیل عباس جیلانی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ اہمیت کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے مقبوضہ فلسطین بالخصوص غزہ کی مخدوش صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

 جلیل عباس جیلانی نے جنگ بندی کی فوری ضرورت، محاصرہ ختم کرنے، غزہ کے لوگوں کو طبی سامان سمیت بلاتعطل انسانی امداد کی فراہمی اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کی بنیاد پر مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کوششوں کے دوبارہ آغاز پر زور دیا۔

نگراں وزیرخارجہ نے 15 دسمبر کو جنوب مشرقی ایران میں دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت بھی کی جس کے نتیجے میں متعدد ایرانی سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے۔

جلیل عباس جیلانی نے دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم پر زور دیا جو کہ علاقائی امن اور سلامتی کے لیے ایک اجتماعی چیلنج ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے تاریخ اور ثقافت سے جڑے پاکستان ایران برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

متعلقہ خبریں