الیکشن کمیشن نے نگراں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو نگراں وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا ہے، الیکشن کمیشن نے سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو حکم دیا ہے کہ احد چیمہ کو فوری مشیرکے عہدے الگ کردیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ احد چیمہ گزشتہ کابینہ کا حصہ رہے ہیں، احد چیمہ انتخابات پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف عام انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لیے وفاقی کابینہ کے ’جانبدار‘ اراکین کو ہٹانے کے لیے دائر درخواست پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سمیت کابینہ کے دیگر اہم اراکین کو 19 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔
ایڈووکیٹ سید عزیز الدین کاکاخیل کی جانب سے دائر درخواست میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور ان کی کابینہ کے بعض دیگر ارکان کو ہٹانے کی استدعا کی گئی تھی۔
درخواست میں الیکشن کمیشن سے (نگران وفاقی کابینہ میں شامل) احد چیمہ، فواد حسن فواد اور وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکریٹری سید توقیر حسین کو بھی ان کے عہدوں سے ہٹانے کی درخواست کی گئی تھی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان افراد کے نگران حکومت میں ہونے کی وجہ سے شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا، اگر حکومت شفاف الیکشن چاہتی ہے تو ان لوگوں کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔



















