Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت پاکستان کا وژن امداد نہیں تجارت سے ترقی کرنا ہے، گوہر اعجاز

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کا وژن امداد نہیں تجارت سے ترقی کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے چین کے نئے تعینات ہونے والے اکنامک کونسلر یانگ گوانگ یوان کی ملاقات ہوئی جس میں ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز پر دونوں ممالک کے ممکنہ تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں کونسلر گوانگ یوان نے ڈاکٹر اعجاز گوہر کو چین کے کامیاب دورے پر مبارکباد پیش کی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے مثبت اقدامات کو سراہا۔

نگران وفاقی وزیر تجارت وصنعت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے چین کو فراہم کردہ اسٹریٹجک اور اقتصادی راستے پر روشنی ڈالتے ہوئے پاکستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ممالک تک رسائی کی پیشکش کی جس پر کونسلر نے باہمی فائدے کے لیے اس پر اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے دورہ چین کے دوران چینی حکام کی جانب سے مہمان نوازی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے حالیہ دورہ چین کا بنیادی مقصد ایک طرف چین کی ترقی کے سفر سے استفاده حاصل کرنا اور دوسری طرف پاکستانی برآمدات کے لیے نئی منڈیوں کی تلاش کرنا تھا۔

نگران وفاقی وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لیے 5 سالہ وژن کی نقاب کشائی کی جس میں پاکستان کی چین کو برآمدات کے لیے 25 ارب ڈالر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

چین کے نئے تعینات ہونے والے اکنامک کونسلر یانگ گوانگ یوان نے چین کے تجارتی حجم کو موجودہ 27 ٹریلین ڈالر سے بڑھا کر آنے والے سالوں میں 32 ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کے ہدف سے آگاہ کیا اور اس تجارتی توسیع میں پاکستان کو شامل ہونے پر مبارک باد بھی دی۔

کونسلر گوانگ یوان نے کہا کہ چین اور پاکستان’’آئرن برادرز‘‘ ہیں دونوں ممالک مل کر تجارت کے فروع کے لیے حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں