Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت نے حج ڈیجیٹلائز کردیا، ’پاک حج ایپ‘ کا آغاز

آئندہ سال حج کے دوران پاکستانی عازمین حج کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سہولت فراہم کرنے کے لیے’پاک حج ایپ’ کا آغاز کردیا گیا۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے حج کو ڈیجیٹلائز کرتے ہوئے موبائل ایپ بنا لی۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نگران وزیر ڈاکٹر عمر سیف اور مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وزیر انیق احمد نے اسلام آباد میں منعقد ہونیوالی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

نگراں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر عمرسیف اور نگران وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے موبائل ایپلی کیشن ’پاک حج‘ کا اجرا کیا۔ این آئی ٹی بی کی تیار کردہ موبائل ایپ سے عازمین حج کے لیے تمام معلومات فنگر ٹپس پر ہوں گی۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور انیق احمد کا کہنا تھا ڈاکٹر عمر سیف مدد نہ کرتے تو پاک حج ایپ پایہ تکمیل کو نہ پہنچتی، موبائل ایپ کو اردو اور انگلش میں بنایا ہے، حج سے قبل اس ایپ میں مقامی زبانیں بھی شامل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ ایک مرتبہ انسٹال ہونے کے بعد آف لائن بھی کام کرے گی، رہنمائی کیلئے شارٹ کلپس تیار کر کے حجاج کو موبائل ایپ سے بھجوائیں گے۔

ڈاکٹر عمرسیف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ حج ایپ عازمین حج کی نقل وحرکت کی نگرانی میں مدد دے گی اور ان کے موجودہ مقام، وقت اور ان کی منزل کی جانب درست سمت کے بارے میں رہنمائی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ہدایت کے مطابق ملک میں ڈیجیٹلائزیشن تیز کر دی ہے، عازمین کی درخواست، مناسک حج کی ادائیگی اور واپسی تک تمام معلومات ایپ میں ہیں۔

ڈاکٹر عمرسیف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ حج ایپ عازمین حج کی نقل وحرکت کی نگرانی میں مدد دے گی اور ان کے موجودہ مقام، وقت اور ان کی منزل کی جانب درست سمت کے بارے میں رہنمائی کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ نگران وزیر مذہبی امور ڈاکٹر انیق احمد نے حج پالیسی 2024 کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی تاریخ میں پہلی دفعہ حج گزشتہ سال کے مقابلے میں سستا ہوگا۔

متعلقہ خبریں