Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں کتنے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے صوبے میں وصول شدہ کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جاری کردیں۔ 

ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے بتایا ہے کہ صوبہ پنجاب میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی جنرل و مخصوص نشستوں پر مجموعی طور پر 13823 کاغذات نامزدگی وصول ہوئے۔

ترجمان کے مطابق صوبہ پنجاب سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر 3594 مرد اور 277 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جب کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کی جنرل نشستوں پر 8592 مرد اور 437 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں برائے خواتین قومی اسمبلی کے لیے 195کاغذات نامزدگی وصول ہوئے اور مخصوص نشستوں برائے خواتین صوبائی اسمبلی پنجاب کےلئے 601خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ مخصوص نشستوں برائے اقلیت صوبائی اسمبلی پنجاب کے لئے 118 مرد اور 9 خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

علاوہ ازیں ملک کے دار الحکومت اسلام آباد میں قومی اسمبلی نشستوں پر 182مرد اور 26خواتین کے کاغذات نامزدگی وصول ہوئے جب کہ پنجاب کے دارالخلافہ لاہور سے قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر مجموعی طور پر 470 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

اس سے قبل صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے متعدد امیدواروں سے کاغذاتِ نامزدگی چھیننے کے واقعات کا نوٹس لیا اور فوری کارروائی کیلئے چیف سیکرٹری اور انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس کو خط لکھ دیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے آئی جی اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فوری طور پر مداخلت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعدد امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کے واقعات میڈیا میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔

خیال رہے کہ الیکشن شیڈول کے مطابق سکروٹنی کا عمل 30دسمبر تک جاری رہے گا۔

متعلقہ خبریں