چیئرمین کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) ڈاکٹر کبیر احمد سِدھو کی کمپیٹیشن پر عالمی فورم میں شرکت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس فورم کا انعقاد اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم (او ای سی ڈی) کی جانب سے پیرس میں کیا گیا۔
اس فورم میں دُنیا بھر سے 110 سے زائد ممالک کے کمپیٹیشن اتھارٹیز کے سربراہان نے شرکت کی۔
چئیرمین ڈاکٹر سِدھو نے کارٹل کیسز میں اقتصادی شواہد کا استعمال، تاکہ کمپیٹیشن اتھارٹی مئوثر طریقے سے معاشی ثبوت عدالتوں اور دیگر لوگوں کے سامنے رکھ سکیں، کے عنوان پر منعقدہ بریک آؤٹ سیشن میں بطور ناظم (موڈریٹر) کردار ادا کیا۔
سیشن کے دیگر مقرنین میں کرسٹینا کاموچو، ہیڈ آف کیبنٹ اور ہیڈ آف انٹرنیشنل ریلیشنز پر تگالی کمپیٹیشن اتھارٹی اور جان ڈیویس ممبر انگلینڈ کمپیٹیشن اپیلٹ ٹریبیونل شامل تھے۔
اپنے ریمارکس میں چیئرمین سِدھو نے ثبوت اکٹھا کرنے کے روایتی طریقوں کے بجائے جدید بنیادوں پرسی سی پی میں لائی گئی حالیہ تبدیلیوں کو اجاگر کیا۔
کمیشن نے جدید ٹیکنالوجی اور ڈیٹاانالئسز سے فائد ہ اٹھانے کے لئے ایک نیا مارکیٹ انٹیلی جنس یونٹ متعارف کرایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس یونٹ کا مقصد مارکیٹ کے اعداد و شمار کا مؤثر طریقے سے جائزہ لینا، گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرنا اور کمیشن کے نفاذ کی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ کے ارتکاز اور انتہائی عمودی انضمام کے پیشِ نظر ڈیٹا اکٹھے کرنے اور تجزیہ کرنے کے لئے ایک مخصوص شعبے کا قیام ناگزیر ہو گیا تھا اور اب اس کی تشکیل سے کارٹل شواہد جمع کرنے میں درپیش رکاوٹوں سے مئوثر طریقوں سے نِبٹا جا سکے گا۔















