کراچی میں ہمیشہ کی طرح ان عام انتخابات میں بھی صورتحال خاصی دلچسپ ہے، عام انتخابات قریب آتے ہی خالد مقبول صدیقی اور حافظ نعیم الرحمان آمنے سامنے آگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 250 نارتھ ناظم آباد کے کچھ علاقوں پر مشتمل ہے جہاں ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگے۔
ایم کیو ایم سے پیپلز پارٹی میں جانے والے خواجہ سہیل منصور اور تحریک انصاف کی سدرہ عمران کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
این اے 247 لیاری میں نبیل گبول ، نادر گبول ، عبدالرشید اور شکور شاد مقابلہ کریں گے جبکہ بلدیہ سے شہباز شریف ، مصطفیٰ کمال اور قادر خان مندوخیل ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگے۔ پچھلے انتخابات میں یہاں سے بلاول بھٹو شکست کھا چکے ہیں۔
این اے 242 بلدیہ ٹاؤن اور پاک کالونی پر مشتمل ہے ، اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماء مصطفیٰ کمال اور پیپلز پارٹی کے قادر خان مندوخیل مقابلہ کریں گے۔
گزشتہ انتخابات میں یہاں سے پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل واڈوا نے تین سو ووٹ سے شہباز شریف کو شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا وقت بھی ختم ہوچکا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
عام انتخابات کے لئے ہزاروں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا جو30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے 7242 مرد اور 471 خواتین امیداروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔



















