سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو محنت کرنی چاہیے، پہلے بغیر محنت کیے آگئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نوابشاہ میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے ریٹرنگ آفیسر کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مستقبل روشن ہے، انشاءاللہ ہم حکومت بنائیں گے۔
آصف علی زرداری نےکہا کہ پی ٹی ائی کو محنت کرنی چاہیے پہلے بغیر محنت کیے اگئے تھے لہذا اب وہ محنت کریں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ چیف جسٹس نے کہہ دیا ہے انتخابات ضرور ہوں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا وقت بھی ختم ہوچکا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
عام انتخابات کے لئے ہزاروں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا جو30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے 7242 مرد اور 471 خواتین امیداروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔



















