گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے پاکستان میں تعینات بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر روح العالم صدیقی کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تجارت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کے اعزازی قونصل جنرل قاضی ہمایوں فرید بھی گورنر پنجاب کے ہمراہ تھے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان اور بنگلہ دیشی ہائی کمشنر نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام بالخصوص عورتوں اور بچوں پر اسرائیلی بمباری اور مظالم پر تشویش کا اظہار کیا۔
گورنر پنجاب نے بنگلہ دیش کے اعزازی قونصل جنرل کی خدمات کو سراہا۔
محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ بنگلہ دیش جن حالات میں الگ ہوا وہ ایک تکلیف دہ ماضی ہے، پاکستان اور بنگلہ دیش کبھی ایک قوم اور ملک رہے ہیں، دونوں میں بہت سی باتیں مشترک ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں میں طلبا کے وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں، یہ سن کر خوشی ہوئی کہ پاکستان کے میڈیکل اور ڈینٹسٹری کے طلباء اسکالر شپ پر بنگلہ دیش میں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، بنگلہ دیشی طلباء کے لیے پاکستانی تعلیمی اداروں میں اسکالر شپس کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے بات کروں گا۔
ملاقات میں ہائی کمشنر بنگلہ دیش نے کہا کہ بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان تجارت کے حجم میں بہتری آ رہی ہے، پاکستان کے ساتھ دفاع ، تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔
بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر روح العالم صدیقی نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں وسعت کا خواہشمند ہے، پاکستانیوں کے لیے بنگلہ دیش کے ویزا بالخصوص ملازمت کے ویزے کے حصول کی سہولت بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔



















