پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہےکہ 8 فروری کو قوم مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل آغاز ہو چکا ہے، منشور کمیٹی اپنا کام کر رہی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے لئے موقع ہے کہ وہ مسلم لیگ ن کے ترقی والے منشور کو حتمی شکل دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اہم دوراہے پر کھڑا ہے، ہم نے منشور کو حتمی شکل دینے کے لئے پورٹل کا افتتاح کیا ہے، ہر پاکستانی ملکی مسائل کے حل کی تجاویز دے سکتا ہے جبکہ ہمارے منشور میں آئین کی حکمرانی، نظام قانون و انصاف میں اصلاحات لانا شامل ہے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ معیشت، غربت میں کمی، مہنگائی کے خاتمے، توانائی، مزدور، کسان، افرادی قوت، امور خارجہ، اوورسیز پاکستانیوں، کرپشن کا خاتمہ اور احتساب کا نظام کیسے ٹھیک ہو، ان کو منشور میں شامل کر رہے ہیں لہذا تعلیم، آئی ٹی، صحت کے ماہرین ہمیں تجاویز دیں اور قوم ان معاملات پر ہماری رہنمائی کرے۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی تعلیم وتربیت، کھیلوں کے احیاء، خواتین کو ترقی کے عمل میں برابر شریک کرنا ضروری ہے جبکہ ملکی ترقی میں خواتین کا حصہ 50 فیصد سے زیادہ کرنا ہے، خواتین کیخلاف جرائم میں کمی لانا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انسانی حقوق و اقلیتوں کا تحفظ، تاریخ، قومی ورثے کا تحفظ اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے کیسے بچا جائے، ان پر تجاویز مانگ رہے ہیں جبکہ سیاحت، واٹر اینڈ فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانا، مذہبی تشخص و دینی اقدار کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی بھی لازمی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ بزنس مین اور شہری ہماری رہنمائی کریں، وفاق اور صوبوں کے آپسی اور باہمی تعلقات کو یقینی بنانا، ترقی کے عمل کے لئے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنا ہے جبکہ مقامی حکومتوں کا نظام لا کر اس کے کردار کو موثر بنایا جائے جس کے لئے ہم آئینی ترمیم بھی لانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہ کہ سی پیک پاکستان کی قسمت بدل سکتا ہے، گزشتہ حکومت نے اسے سبوتاژ کیا، اب اسے بحال کر کے 2030 تک سپیشل اکنامک زونز بنائے جائیں گے ، خصوصی افراد تعلیم و صحت و روزگار تک رسائی نہیں پا سکتے، ان پر توجہ دینا ہوگی جبکہ بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول بھی ہمارے منشور کا اہم حصہ ہوگا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے مزید کہا کہ معیشت پر ہماری توجہ زیادہ ہو گی تاکہ زیادہ برآمدات کریں اور زرمبادلہ کے زیادہ حصول پر توجہ دیں، ہم ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر باتیں کرنے کی بجائے ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے قابل عمل تجاویز دیں، امید ہے کہ 8 فروری کو قوم مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ کرے گی تاکہ ہم دوبارہ ایشین ٹائیگر بن سکیں۔



















