آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی زیر صدارت کورکمانڈرکانفرنس میں عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعالقاتِ عامہ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)کی زیر صدارت دو روزہ 261 ویں کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
کانفرنس کے شرکا نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں۔
کورکمانڈرکانفرنس میں شرکا نے شہدائے پاکستان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے شہدا کے ایصال و ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔ فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ فورم نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی مسلسل جبراور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہارکیا۔ شرکا نے بھارتی فوج کی معصوم شہریوں کے اغواء، تشدد اور قتل کی حالیہ کارروائیوں کی واضح الفاظ میں مذمت کی۔
شرکا نے کانفرنس میں کہا کہ یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادرکشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس کے شرکا نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کیساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔
کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔
کورکمانڈر کانفرنس میں فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکیا اورغزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازع کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی مؤقف کا اعادہ کیا۔
فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا اور اسمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگرغیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے اعادہ کیا کہ پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔ پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔
کورکمانڈر کانفرنس میں فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔



















