Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومتی پاور پلانٹس کو 140 ارب اور کے الیکٹرک کو 57 ارب روپے جاری

آئی ایم ایف شرائط پر عملدرآمد کے بعد رواں مالی سال توانائی شعبے کے گردشی قرضہ میں کمی کیلئے 4 سو ارب جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گردشی قرضہ میں کمی کیلئے 4 سو ارب روپے میں سے کے الیکٹرک اور حکومتی پاور پلانٹس کو 197 ارب جاری ہوئے۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق حکومتی پاور پلانٹس کو 140 ارب روپے اور کے الیکٹرک کو 57 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں، رواں مالی سال کے اختتام تک گردشی قرضہ میں 4 سو ارب روپے کی کمی آئی ایم ایف بنچ مارک میں شامل ہے۔

جون 2024 تک مجموعی طور پر گورنمنٹ پاور پلانٹس کو 260 ارب اورکے الیکٹرک کو 140 ارب جاری کرنے ہیں۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ جاری 197 ارب روپے میں سے 70 ارب حکومتی پاور پلانٹس سے قرض واپس لیا جائے گا، گیس سیکٹرگردشی قرضہ میں کمی کیلئے کے الیکٹرک اور حکومتی پاور پلانٹس کیجانب سے 65 ارب گیس کمپنیوں کو ملیں گے۔

ذرائع وزارتِ خزانہ کے مطابق دونوں گیس کمپنیوں کیجانب سے رقم ملنے پر پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ ڈیویڈنڈ کی رقم ادا کرے گا، وزارت خزانہ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے توانائی شعبے کے گردشی قرضہ میں 2 سو ارب روپے کمی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں