پاک فوج اور فرنٹیئر کور ساؤتھ کے تعاون سے جنوبی وزیرستان (گومل زام) میں کراس کنٹری چیلنج ٹرافی کا انعقاد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج اور فرنٹیئر کور ساؤتھ کے تعاون سے گومل زام ڈیم کے مضافات میں کراس کنٹری چیلنج ٹرافی کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں جنوبی وزیرستان، ڈی آئی خان اور ٹانک کے 59 ٹیموں کے 300 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
اس موقع پر مقامی لوگوں نے شدت پسندی کی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہوئے کھیلوں کے فروغ کیلئے مختلف قسم کے اقدامات کو خوب سراہا۔
مقابلوں کو دیکھنے کے لیے تقریباً ایک ہزار ملک و مشیران اور سپورٹس کے شوقین افراد نے شرکت کی اور اپنی اپنی ٹیموں کو خوب داد دی۔
مقابلے کے اختتام پر حوصلہ افزائی کیلئے ہر ٹیم کو 10 ہزار روپے جبکہ ونر ٹیم کو 3 لاکھ، رنراپ ٹیم کو 2 لاکھ اور تیسری پوزیشن لینے والی ٹیم کو 1 لاکھ کا نقد انعام دیا گیا۔
بعدازاں جنوبی وزیرستان کے ملک و مشیران نے کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے پر عسکری حکام کا شکریہ ادا کیا۔















