سپریم کورٹ نے تاحیات نااہلی سے متعلق آج کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں سات رکنی لارجربنچ نے 62 ون ایف کے تحت سیاستدانوں کی تاحیات نااہلی سے متعلق کیس کی سماعت کی۔
لارجربنچ میں جسٹس منصورعلی شاہ، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں؛ نااہلی کی مدت کا تعین آئین میں نہیں، اس خلا کوعدالتوں نے پرکیا، چیف جسٹس
خیال رہے کہ دسمبر کے وسط میں سپریم کورٹ نے نااہلی کی مدت سے متعلق تمام مقدمات ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کیا تھا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے تحریری حکمنامے میں کہا گیا کہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرلز نے آج کی سماعت میں شرکت کی، اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ سے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کی تشریح کے فیصلے کے دوبارہ جائزہ لینے کی استدعا کی۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ اس معاملے پر معاونین مقرر کرے گی، سپریم کورٹ میں سماعت جمعرات کو دن ساڑھے گیارہ بجے دوبارہ ہوگی، سپریم کورٹ اس کیس میں بنائے گئے عدالتی معاونین سے تحریری معروضات طلب کرلیں۔



















