Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بزنس کمیونٹی کو متحد اور یکجا رکھنا میری اولین ترجیحات ہیں، نومنتخب صدرعاطف اکرام

عاطف اکرام شیخ نومنتخب صدر ایف پی سی سی آئی کی کیپٹل آفس اسلام آباد آمد پر کیپٹل آفس میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔

ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس پہنچنے پرچیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، نومنتخب نائب صدور ایف پی سی سی آئی اشفاق احمد، طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک اور چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل حسین و دیگر شرکاء کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

نومنتخب صدر کو خصوصی بینڈ دستے کی سلامی دی گئی اور پھولوں کے گلدستے پیش کرتے ہوئے ریکارڈ اور تاریخی کامیابی پر مبارکبادیں دی گئیں۔

عاطف اکرام شیخ قافلے کی شکل میں اپنی رہائشگاہ سے کیپٹل آفس کیلئے روانہ ہوئے جہاں مختلف مقامات پر ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے شاندار استقبال کیا گیا۔

بعد ازاں کیپٹل آفس میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔

استقبالیہ تقریب میں ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور رئوف عالم، زبیر احمد ملک، سابق نائب صدرایف پی سی سی آئی و جنرل سیکرٹری یو بی جی ظفر بختاوری، چیئرمین فائونڈر گروپ آئی سی سی آئی خالد اقبال ملک، میاں اکرم فرید، میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، خالد جاوید اور طارق صادق نے شرکت کی۔

قائمقام صدر آئی سی سی آئی انجینئر اظہر السلام، صدر اسلام آباد وومن چیمبر رضوانہ آصف سمیت اسلام آباد، راولپنڈی کے تمام چیمبرز، ایسوسی ایشنز، انجمن تاجران کے عہدیداران اور صنعتکاروں کی کثیر تعداد بھی استقبالیہ تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب کے دوران ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب صدر عاطف اکرام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی، صنعت و تجارت ، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ ، بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے سب کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو متحد، یکجا اور ان کے درمیان اتفاق پیدا کرنا میری اولین ترجیحات ہیں۔

عاطف اکرام شیخ کے مطابق ایف پی سی سی آئی معاشی ترقی کے نئے افق فتح کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی انجن کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے اور تاجر برادری ایندھن کا ذریعہ ہے۔

معیشت کو ٹھیک کرنے کے حوالے سے عاطف اکرام کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی بحران کو ایک دوسرے کو ٹھیک کرنے کی بجائے ایک سوچ سے حل کیا جائے۔

نو منتخب صدر کا کہنا تھا کہ توانائی بحران شدت اختیار کر رہا ہے، صنعتیں بند ہو رہی ہیں، مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کو معاشی چیلنجز سے خوش اسلوبی سے نکالیں اور پاکستان کو مشکلات سے نکالنے کے لیے حکومت، اداروں اور سیاسی جماعتوں کو پالیسی سازی میں اسٹیک ہولڈرز کے طور پر تاجر برادری کو شامل کرنا چاہیے۔

تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے منشور میں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ وہ مستحکم، پائیدار اور طویل مدتی اقتصادی پالیسیوں کو یقینی بنانے کے لیے معیشت کے چارٹر پر کام کریں گے۔

عاطف اکران شیخ نے کہا کہ ایف پی سی سی آئی معیشت کے حوالے سے قومی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے میں موثر کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر کریم عزیز ملک چیئرمین کیپٹل آفس اسلام آباد نے اقتصادی پالیسیوں پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا کہ حکومت کو صنعت کی اعلی ترقی اور برآمدات میں خاطر خواہ بہتری کے لیے طویل المدتی اور مستقل پالیسیاں بنانا ہوں گی۔

کریم عزیز ملک کے مطابق بجلی و گیس کے نرخوں میں مسلسل اضافہ صنعتی ترقی کی رفتار کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔

کریم عزیز ملک نے حکومت اور خاص کر وفاقی وزیر خزانہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شرح سود کو سنگل ڈجٹ پر لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروباری اداروں کو کم اور قابل برداشت شرح سود پر سرمائے کی دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک سہیل حسین چیئرمین کوآرڈینشن ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور انڈسٹری کے مسائل حل کرنے آئے ہیں ۔

ملک سہیل کا کہنا تھا کہ ہر سیکٹر میں جو بھی مسائل ہیں وہ باقاعدہ ہمارے علم میں ہیں اور اگر جو بھی مشکلات بزنس کمیونٹی، چیمبرز و ایسوسی ایشنز کو درپیش ہیں وہ ہمارے علم میں لائیں تاکہ ان کے حل کیلئے متحد ہوکرکام کریں۔

ملک سہیل نے مزید کہا کہ ہم نے بزنس کمیونٹی کی بے لوث خدمت کرنا ہے ۔شرکاء نے عاطف اکرام اور ان کی ٹیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں