پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حالیہ واقعات کے بعد اپنے بحری جنگی جہازوں کو تعینات کردیا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ملکی سمندری حدود کے دفاع کے بین الاقوامی پانیوں بالخصوص بین الاقوامی تجارتی راستوں کی حفاظت کے لئے بھی پاک بحریہ سرگرم ہے، خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حالیہ واقعات کے بعد پاکستان نے اپنے بحری جنگی جہازوں کو تعینات کردیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے جہاز بحیرہ عرب میں پاکستان کے تجارتی راستوں کے حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے مسلسل پٹرولنگ کر رہے ہیں جبکہ پاک بحریہ کی جانب سے ان تجارتی گزرگاہوں کی مسلسل فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا ہے کہ پٹرولنگ کا مقصد پاکستان اور بین الاقوامی تجارتی بحری جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔ پاک بحریہ کے جنگی جہاز بحیرہ عرب میں اپنی مستقل موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے پہلے بھی پٹرولنگ کرتے ہیں۔
ترجمان پاک بحریہ نے واضح کیا ہے کہ پاک بحریہ خطے میں بحری امن و امان برقرار رکھنے کے حوالے سے قومی ذمہ داری سے بخوبی آگاہ ہے۔















