پی ٹی آئی کے بانی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنماؤں میں شامل نجیب ہارون نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) کے مرکزی الیکشن دفتر پاکستان ہاؤس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار، مصطفیٰ کمال اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی جس کے بعد انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کیا۔
ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے نجیب ہارون کو ایم کیو ایم کے پارٹی مفلر پہنایا۔
پی ٹی آئی کے سابق نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی نجیب ہارون 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے گزشتہ سال جولائی میں پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور اب انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سابق رہنما نجیب ہارون کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں میری 27 سال کی سیاسی جدوجہد رہی ہے لیکن 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کا تشخص خراب کیا اور یہی وجہ ہے کہ میں نے تحریک انصاف کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
نجیب ہارون نے مزید کہا کہ میں اپنی استطاعت اور طاقت کے مطابق پاکستان کی خدمت کرتا رہوں گا۔



















