Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

او آئی سی سے بھی قرارداد منظور کرالی جائے تب بھی انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ اگر او آئی سی سے بھی قرارداد منظور کروالی جائے لیکن الیکشن تب بھی 8 فروری کو ہی ہوں گے۔ 

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بار کراچی کے بجائے لاہور سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وہ لاہور میں ہی موجود ہیں جہاں وہ مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ ساتھ عوام سے بھی رابطے کررہے ہیں۔

لاہور میں این اے 127 کے علاقے ماڈرن کالونی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے بروقت انعقاد پرزور دیتے ہوئے کہا کہ سینیٹ میں الیکشن شیڈول سے متعلق قرارداد منظور ہونے کے بعد  او آئی سی سے بھی قرارداد منظور کرالی جائے لیکن پھر بھی  عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم کافی دن سے لاہور میں ہیں اور ایسا تاثر دیا جاتا ہے کہ لاہور میں دودھ اور شہد کی نہریں بہتی ہیں لیکن لاہور میں جتنا کام کرنے کی ضرورت ہے باقی پاکستان میں اتنی ضرورت نہیں ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کہہ چکے ہیں کہ  پتھر پر لکیر ہے الیکشن 8 فروری کو ہوں گے جب کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں شفاف، غیرجانبدارانہ الیکشن کرائیں جائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’’قدم بڑھاؤ قاضی صاحب! ہم آپ کے ساتھ ہیں‘‘، 2013 میں اس سے بھی زیادہ امیدوار نااہل ہوئے تھے، ماضی میں جنرل ضیا اور جنرل حمید گل نے پنجاب میں سیاسی جماعتیں مسلط کیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور ہمارا ہے اور میں اپنا سیاسی سفر یہیں سے شروع کر رہا ہوں، سیاستدان الیکشن میں وعدے کرتے ہیں اور حکومت میں آ کر کچھ اور کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں