ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں،ملک بھر میں آر اوز کا الیکشن منیجمنٹ سسٹم فعال ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آر اوز نے الیکشن منیجمنٹ سسٹم پر کام کا آغاز کر دیا ہے، آر اوز انتخابی شیڈول میں امیدواروں کی حتمی فہرست آر ایم ایس کی ذریعے ہی الیکشن کمیش کو فراہم کریں گے۔
ملک بھر کے آر آوز الیکشن شیڈول کا آخری مرحلہ ای ایم ایس کی مدد سے مکمل کریں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جی ایم ایس رائوٹر بھی تمام آر اوز کو پہنچا دیئے گئے، ای ایم ایس کی مدد سے امیدواروں کے کوائف کی پی ڈی ایف کاپی تمام آر اوز کے پاس دسیتاب ہوگی۔
99 فیصد آر اوز کے دفاتر میں جی ایم ایس راؤٹر پر الیکشن سے متعلق کام جاری ہے جبکہ ملک میں 8 فروری کو ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹییشنز کی ابتدائی فہرستیں بھی جاری کردیں۔
11جنوری تک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کے پاس اعتراضات جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے انتخابی حلقے کے حساب سے ابتدائی پولنگ اسٹیشنز کی لسٹیں شائع کی جا چکی ہیں، ابتدائی پولنگ لسٹ پر حلقے کا کوئی بھی امیدوار یا ووٹر اعتراض یا تجاویز جمع کرواسکتا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ 12 سے 17 جنوری کے دوران ڈی آر اوز ان اعتراضات یا تجاویز پر فیصلہ دیں گے، پولنگ اسٹیشنز کی حتمی فہرست عام انتخابات سے 15 روز قبل آویزاں کی جائے گی۔



















