Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا بحرین کا سرکاری دورہ

پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے پر بحرینی فرمانروا، ولی عہد اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے بحرین کے دو روزہ سرکاری دورے کے دوران بحرینی فرمانروا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن حماد الخلیفہ، بحرین ڈیفنس فورسز کے کمانڈر فیلڈ مارشل خلیفہ بن احمد الخلیفہ اور بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلیفہ سے ملاقاتیں کیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ فوجی اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، بحرینی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام کے لئے جاری کوششوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بحرین نیشنل گارڈ کے 27ویں یوم تاسیس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جبکہ تقریب میں انسداد دہشت گردی کی تربیتی مشق سے متعلق شاندار مظاہرہ پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ نے بحرین نیشنل گارڈ کو ملٹری اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ بحرین کے فرمانروا نے آرمی چیف کو ملٹری میڈل آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے نوازا جبکہ آرمی چیف کو دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے میں اہم کوششوں اور تعاون پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

متعلقہ خبریں