متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان آج ہونے والی ملاقات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم پاکستان کی انتخابی معاملات سے متعلق اہم بیٹھک ہوئی جس کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کا وفد مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچا۔
ذرائع کے مطابق آج ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا معاملہ فائنل ہونے کے امکانات ہیں اورخاص طور پر دونوں جماعتوں میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 242 کی نشست پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے242 پر ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے این اے 242 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں تاہم ایم کیو ایم پاکستان کے مصطفیٰ کمال بھی اسی حلقہ سے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا ہے ایم کیو ایم این اے 242 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کرے گی بلکہ اس کے بدلے لیاری اور ملیر کی سیٹوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی پیشکش کرے گی، این اے 229، 230 اور 239 پر ن لیگ کو حمایت کی آفر کی جائے گی۔
تاہم ذرائع نے بتایا ہے کہ آج ہونے والا اجلاس حتمیٰ ہوگا جس میں مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کے درمیان قومی سمیت صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر بھی سیٹ ایڈجسمنٹ متوقع ہے جب کہ دونوں جماعتوں کے عہدیداران ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے، پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق اہم اعلانات بھی کیے جائیں گے۔



















