Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے سب تیاری کریں ملک میں الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا امید ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس میں پیپلز پارٹی کو انصاف ملے گا، یہ ایک موقع ہے کہ تاریخ کو درست کریں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی غلطیاں ماننی چاہئیں، امید ہے چیف جسٹس اور دیگر ججز انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں سمجھتے ہمارے نظام میں اتنی شفافیت ہے کہ کسی کو بھی پھانسی کی سزا دی جائے، اب جو کچھ ہو رہا ہے ماضی میں اس سے بہت برا ہوا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں پہلی بھی یہ بات کہہ چکا ہوں کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہو رہے ہیں اور اگر اقوام متحدہ سے بھی قرار داد پاس کروا لیں پھر بھی انتخابات 8 فروری کو ہوں گے کیوں کہ چیف جسٹس آف پاکستان کی بات میں زیادہ وزن ہے نہ کہ چند سینیٹرز کی بات میں، 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، سب تیاری کریں اور ووٹ بھی ڈالیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات جیتے، پیپلزپارٹی نے کراچی میں بہت ترقی کی ہے، امید ہے کراچی کے عوام عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کو موقع دیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کر رہا ہوں، پیپلز پارٹی ہی بیروگاری، مہنگائی اور غربت کا مقابلہ کر سکتی ہے، ہم سے تلوار چھینی گئی تو ہم نے تیر پر الیکشن لڑا اور اب تک لڑ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں