صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 8 فروری کو ملک بھر میں سرپرائز دے گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کے نامزد امیدواروں کے علاوہ تمام حلقوں پر پارٹی کے دیگر افراد کو کاغذات نامزدگی سے دستبردار ہونے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام افراد جنہوں نے قومی و صوبائی اسمبلی کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں وہ سب پارٹی کے اعلان کردہ امیدواروں کے حق میں فوری دستبردار ہوجائیں۔
صدر پی پی پی سندھ نے کہا کہ پارٹی امیدواروں کے حق میں دستبردار ہونے کی رسید پیپلز پارٹی کے صوبائی رابطہ سیکریٹری کو ارسال کی جائے۔
نثار کھوڑو نے یہ بھی کہا کہ پارٹی نے ْقومی و صوبائی اسیمبلی کے حلقوں پر جن کو امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا ہے ان کو ہی ٹکٹ جاری ہوگی باقی سب کاغذات نامزدگی سے دستبردار ہونے کے پارٹی فیصلے پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔
صدر پی پی پی سندھ نثار کھوڑو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی 8 فروری کو ملک بھر میں سرپرائز دے گی،8 فروری کو انتخابات کے انعقاد کے لئے سپریم کورٹ کا فیصلہ پتھر پر لکیر ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔



















