پی ٹی آئی پی کے سربراہ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکومت اور اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے صوبے کا مسئلہ امن کا قیام ہے جبکہ امن ترقی اور خوشحالی ہمارا نعرہ ہے، جھوٹ نہیں بولیں گے جو کرسکتے ہیں اس کا وعدہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کرنا ہے، سیاست دان کا کام پالیسی دینا اور افسروں کا کام عمل درآمد کروانا ہے، اداروں اور محکموں کو درست رکھنے کے لئے درست نظام دینا ضروری ہے۔
پرویز خٹک نے یہ بھی کہا کہ تین قسام کے نظام تعلیم چل رہے ہیں ان کو ایک لائن پر لانا ہے جبکہ تین قسم کی سوچیں پیدا ہورہی ہیں جو ملک کے لئے انتہائی خطرناک ہے
ان کا کہنا تھا کہ تعلیم وصحت میں اصلاحات لائیں گے ان شعبوں میں لوگ ذمہ داریاں پوری نہیں کررہے ، صحت کارڈ بند کرنا غریب لوگوں کو قتل کرنے کے مترادف ہے، اپنے دور میں ادویات اور ڈاکٹر کی کمی کو پورا کیا،18 لاکھ خاندانوں کو مفت علاج کی سہولت دی۔
پرویز خٹک کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے اپنے دور حکومت میں تھانہ کلچر بھی ختم کیا تھا جبکہ ہم نے یوتھ کے لیے کھیلوں کےمیدان بنائے، صوبے کے ہر یونین کونسل میں ایک گرانڈ بنائیں گے جبکہ ایجوکیشن اور صحت کے بعد پہلی ترجیح سیاحت ہوگی۔
پی ٹی آئی پی کے سربراہ پرویز خٹک کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنی سیاست میں مصروف ہوں، میں چاہتا ہوں کہ الیکشن ہونے چاہئیں، اب تک 70 فیصد انتخابی مہم چلا چکا ہوں۔



















